پاکستان میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا۔

وزارت صحت نے ہفتے کے روز اطلاع دی کہ کراچی میں ایک 31 ماہ کے بچے میں پولیو کی تشخیص ہوئی ہے، جو اس سال پاکستان میں پانچواں کیس ہے۔
وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ کراچی ایسٹ کے علاقے گڈاپ ٹاؤن کی یوسی گجرو سے تعلق رکھنے والے 31 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس پایا گیا۔
نگراں وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
2 نومبر کو وزارت صحت نے تصدیق کی کہ سندھ کے ضلع کراچی میں ماحولیاتی نمونے میں پولیو وائرس پایا گیا تھا۔
وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق یہ وائرس جینیاتی طور پر افغانستان میں پولیو وائرس کے کلسٹر سے متعلق ہے۔
سال 2022 میں ملک بھر میں پولیو وائرس کے 20 کیسز رپورٹ ہوئے۔ پاکستان سال 2021 میں اس بیماری کے خاتمے کے قریب پہنچا جب ملک میں صرف ایک کیس رپورٹ ہوا۔
پاکستان اور افغانستان دنیا کے واحد دو ممالک ہیں جہاں پولیو سے بچوں کی صحت اور تندرستی کو خطرہ لاحق ہے۔