لاہور میں افسوسناک واقع پیش آگیا۔

پولیس کے مطابق رفاقت علی اور اہل خانہ اپنی بیٹی کے سسرال سے ملنے کے بعد فیروز پور روڈ پر واقع شاداب کالونی میں واقع اپنی رہائش گاہ واپس جارہے تھے کہ ڈیفنس فیز 7 کے قریب دو کاروں میں تصادم ہوا۔
ٹکرانے سے رفاقت علی کے خاندان کے چھ افراد بشمول دو شیر خوار شدید زخمی ہوگئے۔
فوری طور پر لاہور جنرل ہسپتال منتقل کرنے کے باوجود تمام زخمی افراد بد قسمتی سے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت رخسانہ (52)، انابیہ (3)، حذیفہ (چار ماہ)، محمد حسنین (28)، سجاد (26) اور عائشہ (22) کے طور پر کی گئی ہے۔
اس افسوسناک واقعے کے سلسلے میں پولیس نے ڈرائیور افنان شفقت کو گرفتار کر لیا جس کی مبینہ غفلت، تیز رفتاری اور لاپرواہی کو حادثے کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔
اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، اور تصادم میں ملوث گاڑی کو ضبط کر لیا گیا ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
مزید برآں، انہوں نے اس دلخراش واقعہ میں قصوروار پائے جانے والے ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔