ملائیشیا کو برآمد کی گئی پیاز کی بوریوں سے 5 ارب روپے مالیت کی منشیات برآمد

ملائیشین حکام نے کراچی سے بھیجی گئی پیاز کی کھیپ سے 5 ارب روپے مالیت کی منشیات برآمد کر لی ہیں۔ کھیپ میں 100 کلو گرام کوکین اور 411 کلو گرام میتھیمفیٹامائن شامل تھی۔
ملائیشین حکام کی جانب سے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کو بھیجے گئے ایک ہنگامی پیغام میں کہا گیا ہے کہ ملائیشین پولیس نے پاکستانی پیاز سے لدے ایک کنٹینر سے 500 کلو گرام سے زائد منشیات برآمد کی ہیں۔
ملائیشین حکام کی جانب سے بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ 27 اکتوبر 2023 کو ملائیشیا کے نارکوٹکس کرائم انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ اور کسٹمز نے ملائیشیا کے چیراس پریما میں ایک گودام پر مشترکہ چھاپہ مارا اور ایک کنٹینر پر لدی پیاز کی بوریوں میں منشیات برآمد کی۔ دستاویز کے مطابق، ملائیشیا کے حکام نے خطرناک منشیات ایکٹ کی دفعہ 39B کے تحت پانچ مقامی مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے، جن کی عمریں 21 سے 53 سال کے درمیان ہیں۔ ملائیشین حکام کی جانب سے پاکستان میں ایف بی آر اور ٹی ڈی اے پی کو ہنگامی پیغام بھیجا گیا ہے۔
پاکستان کسٹمز پریونٹیو نے اس معاملے پر باقاعدہ ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں دو پاکستانیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم چوہدری ندیم کو تھائی لینڈ جاتے ہوئے کراچی ایئرپورٹ سے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان میں حکام نے کلیئرنگ ایجنٹ عامر علی خان کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جس کمپنی کے نام پر گڈز ڈیکلریشن (جی ڈی) فائل کی گئی وہ اس کمپنی کی دوسری جی ڈی تھی۔ واضح رہے کہ اینٹی نارکوٹکس سیل کے اہلکار روانگی سے قبل بندرگاہ پر تمام سامان کی چیکنگ کرتے ہیں۔