امریکہ نے پاکستان تحریک انصاف کی ریلی پر حملے کی مذمت کر دی

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی انتخابی ریلی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
واشنگٹن میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے امریکی ترجمان نے کہا کہ پاکستانیوں کو حق حاصل ہے کہ وہ بلا خوف اپنا لیڈر منتخب کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گزشتہ ماہ دیگر سیاسی جماعتوں پر بھی حملے ہوئے جب کہ الیکشن کمیشن کے عملے پر بھی کئی مقامات پر حملے ہوئے ہیں۔
میتھیو ملر کا مزید کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں انتخابی عمل کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی تشدد کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ پاکستان میں آزادانہ اور شفاف انتخابی عمل دیکھنا چاہتے ہیں۔ 'ہم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے'۔