تازہ ترین:

گندم اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے نیب میں شکایت درج

گندم اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے نیب میں شکایت درج,Complaint filed with NAB seeking probe into wheat scandal

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو میں گندم اسکینڈل کی انکوائری کی درخواست دائر کردی گئی۔

اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے نیب کو اپنی شکایت میں اے آر وائی نیوز کی رپورٹس کا حوالہ دیا ہے۔

شکایت کے مطابق سابق نگراں فوڈ سیکیورٹی وزیر نے اے آر وائی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے گندم اسکینڈل کے بارے میں انکشافات کیے ہیں۔

شکایت کنندہ نے بتایا کہ ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک نے انکشاف کیا کہ گندم اس وقت درآمد کی گئی جب چالیس لاکھ ٹن اناج پہلے سے موجود تھا۔

ڈاکٹر کوثر عبداللہ نے کہا کہ کیپٹن (ر) محمد محمود گندم کی درآمد کے وقت سیکرٹری فوڈ سیکیورٹی تھے۔

 

ملک کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔ نیب کو شکایت کے مطابق گندم کی غیر ضروری درآمد سے 300 ارب کا نقصان ہوا۔

شکایت کنندہ نے پاسکو، محکمہ خوراک پنجاب، وزارت تجارت اور خزانہ کو نقصان کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

شکایت کنندہ نے احتساب بیورو سے معاملے کی فوری تحقیقات اور اسکینڈل میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی درخواست کی ہے۔

شکایت کی نقول صدر، وزیراعظم، سپریم کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ کے رجسٹراروں کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔