کے پی کے میں صحت کارڈ کے حوالے سے اہم خبر آگئی

دستاویزات کے مطابق، خیبرپختونخوا کے 180,000 سے زائد رہائشیوں نے صحت کارڈ پلس پر پنجاب، سندھ، بلوچستان اور اسلام آباد کے ہسپتالوں میں مفت علاج کی خدمات حاصل کی ہیں۔
2016 میں مفت صحت کے اقدام کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر 2.715 ملین افراد مفت علاج کر چکے ہیں اور صوبائی حکومت اس مقصد کے لیے 81 ارب روپے خرچ کر چکی ہے۔ ان میں سے 181,819 مریضوں نے پنجاب، سندھ، بلوچستان اور اسلام آباد کے مختلف اسپتالوں میں 6.741 ارب روپے کی لاگت سے طبی خدمات حاصل کیں۔
یہ مریض خیبرپختونخوا کے رہائشی ہیں لیکن یہ اپنی ملازمت کے سلسلے میں دوسرے شہروں میں مقیم ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، پروگرام کے تحت، صوبے کے 33.2 ملین افراد پر مشتمل 10.2 ملین خاندان ملک میں کہیں بھی کیش لیس علاج حاصل کرنے کے حقدار ہیں۔ ایک خاندان کو سالانہ 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی خدمات حاصل کرنے کی اجازت ہے۔
صوبائی حکومت نے پروگرام پر 81 ارب روپے خرچ کیے ہیں۔
700 سے زائد ایسے ہسپتال ہیں جہاں خیبرپختونخوا کے قومی شناختی کارڈ کے حامل افراد مفت علاج کی خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔ فہرست میں شامل ہسپتالوں میں سے 118 صوبے میں اور باقی دوسرے صوبوں اور اسلام آباد میں ہیں۔
عہدیداروں نے بتایا کہ پروگرام کے آغاز پر مریضوں کو صرف صوبے کے اندر ہی خدمات ملتی تھیں لیکن یہ اقدام مقبول ہوا اور ملک کے دیگر حصوں میں کام کرنے والے خیبرپختونخوا کے رہائشی مفت صحت کی خدمات حاصل کرنے کے لیے واپس صوبے میں آنا شروع ہوگئے۔