لاہور میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ ہونے لگا

مون سون کی بارشوں کے ساتھ ہی لاہور سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
بارش کا پانی جمع ہونے سے صوبائی دارالحکومت میں ڈینگی کے 11 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ مون سون کے موسم میں مچھروں کی افزائش میں اضافے کا خدشہ ہے۔
محکمہ صحت کے اعدادوشمار کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر محکمہ صحت نے الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو ڈینگی کے خلاف احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
دوسری جانب کمشنر راولپنڈی کی زیر صدارت اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں سال اب تک شہر میں ڈینگی کے 27 تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 496 ایف آئی آر درج کی گئیں، 216 عمارتوں کو سیل کیا گیا، 829 چالان جاری کیے گئے، 12 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔
گزشتہ سات دنوں کے دوران 108 ایف آئی آر درج کی گئیں، 11 عمارتوں کو سیل کیا گیا، 85 چالان جاری کیے گئے، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 136,000 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔