پاکستان دوست ممالک کے ساتھ تجارتی روابط بڑھانا چاہتا ہے: علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے منگل کو سرمایہ کاری کے بے پناہ امکانات اور مواقع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں دوست ممالک کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
صدر مملکت نے پشاور میں مختلف ممالک کے اعزازی قونصل جنرلز سے ملاقات میں دوست ممالک کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا
انہوں نے قونصل جنرلز پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے ساتھ اپنے روابط مضبوط کریں۔ صدر سے ملاقات کرنے والے قونصل جنرلز میں تیونس، روس، ترکی، بلغاریہ، بوسنیا، تاجکستان، جاپان، چیچ ریپبلک، جنوبی کوریا اور برازیل کے قونصل جنرلز شامل تھے۔
وفد نے صدر کو بین الاقوامی تعلقات اور باہمی تجارت کے فروغ کے لیے اعزازی قونصل جنرلز کے کردار سے آگاہ کیا۔ صدر علوی نے قونصل جنرلز پر بھی زور دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ملاقات میں انہوں نے غزہ کی موجودہ صورتحال پر پاکستان کے تحفظات کا بھی اعادہ کیا اور فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔