غیر ملکی بغیر ویزے کے غیر معینہ مدت تک پاکستان میں نہیں رہ سکتے: سولنگی

نگراں وفاقی وزیر برائے اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے پیر کو کہا کہ افغان شہریوں سمیت غیر ملکی بغیر ویزے کے غیر معینہ مدت تک پاکستان میں نہیں رہ سکتے۔
ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کچھ بیرونی ممالک نے غیر قانونی تارکین وطن کو اپنے ممالک واپس بھیجنے پر پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً 20,000 افغان ہیں جنہوں نے امریکی اتحادی افواج کے ساتھ کام کیا۔
وزیر نے کہا کہ 15 اگست 2021 کو افغانستان میں طالبان کی حکومت قائم ہوئی تھی لیکن امریکہ اور اس کے اتحادی ابھی تک ان 20 ہزار افغانوں کو اپنے ملک منتقل نہیں کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں غیر قانونی تارکین کے ساتھ کیا سلوک کیا جاتا ہے سب کو معلوم ہے۔ مرتضیٰ سولنگی نے یاد دلایا کہ جب غیر قانونی تارکین وطن یونان میں ڈوب رہے تھے تو کوئی انہیں بچانے نہیں آیا۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پاکستان کا غیر قانونی رہائشیوں کے بارے میں ریکارڈ دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے بہت اچھا ہے۔
وزیر نے کہا کہ پاکستان میں قانونی طور پر موجود لاکھوں افغان شہریوں کو صحت، تعلیم اور کاروباری سرگرمیوں سمیت تمام سہولیات تک رسائی حاصل ہے۔
ان غیر ملکیوں کے بارے میں جن کے پاس دستاویزات یا ویزہ نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ "ہم نے انہیں صرف اپنے ملک واپس جانے کو کہا"۔ وزیر نے کہا کہ پاکستان کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ غیر ملکی کب تک پاکستان کے اندر رہ سکتے ہیں۔