امیدوار کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے آر اوز کے سامنے پیش ہونے کے پابند نہیں، سابق سیکرٹری ای سی پی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے سابق سیکریٹری کنور محمد دلشاد نے کہا ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے یا جانچ پڑتال کے دوران امیدوار کو ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
دلشاد کا یہ بیان اس خبر کے بعد سامنے آیا ہے کہ ایسے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جو چھپے ہوئے ہیں یا اشتہاری قرار دیے گئے ہیں، اگر وہ طلب کیے جانے پر متعلقہ آر اوز کے سامنے حاضر نہیں ہوئے تو ان کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کا خطرہ ہے۔
الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 62 کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے وقت امیدوار کا موجود ہونا ضروری نہیں ہے۔
ای سی پی کے سابق سیکرٹری نے کہا کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی جانب سے 2002 میں الیکشن آرڈر جاری کیا گیا تھا، جس کے تحت کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت امیدوار کا موجود ہونا ضروری تھا۔
دلشاد نے کہا کہ الیکشن آرڈر بدنیتی پر مبنی تھا اور اس کا مقصد سابق وزرائے اعظم بے نظیر بھٹو اور نواز شریف کو نشانہ بنانا تھا تاکہ وہ ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش نہ ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ 2007 میں ای سی پی نے الیکشن آرڈر 2002 میں ترمیم کی جس کے بعد بھٹو اور شریف کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے اور جانچ پڑتال کے وقت ذاتی طور پر پیش ہونے کی ضرورت نہیں تھی۔