سپریم کورٹ کی عمارت میں بنیادی حقوق کی یادگار قائم کی جا رہی ہے: چیف جسٹس

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے دائر کیے جانے والے مقدمات سے زیادہ تعداد میں نمٹانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
آج اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ ایک ہفتے میں پانچ سو چار مقدمات نمٹا دیے جبکہ اس عرصے کے دوران تین سو پینتیس مقدمات دائر کیے گئے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ستمبر 2023 سے دسمبر 2023 کے درمیان تین ماہ میں مجموعی طور پر پانچ ہزار تین سو پانچ مقدمات نمٹائے۔
قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ سپریم کورٹ کی عمارت میں بنیادی حقوق کی یادگار قائم کی جا رہی ہے جو کھلی رہے گی اور عوام کو اس تک مفت رسائی حاصل ہو گی۔اس سے قبل آج سپریم کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ججز کو کسی سے نہیں ڈرنا چاہیے اور خاص طور پر سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید سے متاثر نہیں ہونا چاہیے۔