تازہ ترین:

عمران خان کو ایک اور کیس میں سزا سنا دی گئی

imran khan sentenced 14 year jail for tosha khana

توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کو 14 سال قید کی سزا سنادی گئی۔

بدھ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں فیصلہ سنایا۔ عدالت نے دونوں ملزمان کو دس سال کے لیے کسی بھی عوامی عہدے پر فائز رہنے کے لیے نااہل قرار دینے کے ساتھ ساتھ 787 ملین روپے جرمانہ بھی کیا ہے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ 24 جنوری کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی جانب سے توشہ خانہ کے جیل ٹرائل اور 190 ملین پاؤنڈ کے کیسز کو چیلنج کرنے والی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

گزشتہ روز جج محمد بشیر کی طبیعت اچانک خراب ہونے پر انہیں اڈیالہ جیل کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ یہ جج بشیر ہی تھے جنہوں نے 2018 میں پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو نااہل قرار دیا تھا۔