پاکستان کا گندم کی درآمد پر پابندی لگانے کا فیصلہ

اسلام آباد: پاکستان کی نگراں وفاقی حکومت نے گندم کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے گندم کی ریاستی سطح پر درآمد پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا کیونکہ پاکستان میں آٹے کی قیمتیں مستحکم ہیں اور ملک کے پاس کافی ذخائر موجود ہیں۔
حکومت کے اندر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کے پاس ملک کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے وافر مقدار میں گندم موجود ہے۔
یہ فیصلہ وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کی جانب سے ای سی سی کو گندم کی فراہمی پر بریفنگ کے بعد کیا گیا جبکہ کمیٹی نے اس سلسلے میں وزارت کے اقدامات کو سراہا۔
گزشتہ روز کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے لیے 7.15 ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی۔
یہ منظوری آج اسلام آباد میں وزیر خزانہ، محصولات اور اقتصادی امور ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ساتویں آبادی اور خانہ شماری کے لیے چار ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی بھی منظوری دی۔