آزادی مارچ کیس میں پی ٹی آئی کے بانی شاہ محمود سمیت دیگر ملزمان بری

اسلام آباد: اسلام آباد کی سیشن عدالت نے جمعرات کو سابق وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو آزادی مارچ کیس میں بری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ ملک محمد عمران نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان، شاہ محمود قریشی اور اے ایم ایل کے سربراہ شیخ رشید کو بری کر دیا۔
عدالت نے آزادی مارچ کیس سے صداقت عباسی اور علی نواز اعوان کو بری کرنے کا بھی حکم دیا۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے متعدد رہنماؤں بشمول سابق وزیراعظم عمران خان، شاہ محمود قریشی اور دیگر کے خلاف پولیس نے آزادی مارچ سے متعلق مختلف ایف آئی آرز درج کی تھیں۔
صوبائی دارالحکومت میں پولیس اور پی ٹی آئی رہنما کے درمیان تصادم کے بعد احتجاج کرنے پر پولیس نے تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف 42 مقدمات درج کر لیے ہیں۔
اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ (آئی ایچ سی) نے سابق وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں بری کردیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سائفر کیس میں سزا کو چیلنج کرنے والی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔
رواں سال جنوری میں پی ٹی آئی کے بانی اور پارٹی کے وائس چیئرمین کو سائفر کیس میں 10،10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
تاہم توشہ خانہ اور عدت کے مقدمات میں عمران کی سزاؤں کی وجہ سے دونوں کی جیل سے رہائی کی توقع نہیں ہے جبکہ قریشی کو حالیہ 9 مئی کے مقدمات میں گرفتار کیا گیا ہے۔