پاکستان میں بارشوں اور سیلابی صورتحال کے حوالے سے اہم خبر سامنے آگئی

گلگت بلتستان، بلوچستان اور سندھ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال برقرار ہے۔
بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقے زیارت میں بارشوں کے بعد سیلابی ریلے سے تین یونین کونسل زندارہ، کوس اور مانرہ متاثر ہوئی ہیں۔
مسلم باغ میں متاثرہ قومی شاہراہ N-50 پر ٹریفک کی جزوی آمدورفت بحال کردی گئی جب کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کو ملانے والی شاہراہ N-50 زیارت کوئٹہ کئی مقامات پر طغیانی کے باعث بدستور متاثر ہے۔
مسلم باغ میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) اور ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (DDMA) کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
دریں اثناء صحاب پور اور شاہی کینال کی مانجھوتی برانچ میں پڑنے والے شگاف کو چھ روز گزرنے کے باوجود نہ بھرا جا سکا۔ ناصر کھوسہ، مولوی قادر بخش، علی آباد سمیت درجنوں دیہات زیر آب ہیں۔
کشمور میں گڈو بیراج پر درمیانے درجے کا سیلابی صورتحال برقرار ہے، بنجر علاقوں میں پانی داخل ہونے سے فصلیں زیرآب آگئی ہیں۔
دوسری جانب گلگت بلتستان کے دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا سلسلہ رک گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق سیلاب سے 10 رابطہ پل اور 75 مکانات کو شدید نقصان پہنچا۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام جاری ہے۔